میٹھے میٹھے 'لارے'
ڈاکٹر خدیجہ وکیل
10/02/2026
،بس تم اس بار معافی مانگ لو
پھر میں کبھی
ایسی نوبت نہیں آنے دوں گا۔
،آپ بس اس بار یہ فرمائش پوری کر دیں
پھر ساری عمر
تنگ نہیں کروں گی۔
،یہ آخری بار دوستوں کے لئے دعوت پکا دو
پکا، پھر آگ میں
نہیں جھونکوں گا۔
،آپ اس دفعہ بھول جائیں
میری توبہ
جو پھر بد کلامی کی۔
،تم اب ظرف بڑا کرو
آئندہ کبھی جمع پونجی
بہن بھائیوں پر نہیں لٹاوں گا۔
،آپ اب کی بار میری سن لیں
پھر کبھی آپ اور والدین کے معاملے میں
دخل نہیں دوں گی۔
،ابھی اس وظیفے پر پڑھنے نہیں جاو
،بچے جیسے ہی تھوڑے بڑے ہوئے
اپنے خرچے پر بھیجوں گا۔
،خفا نہ ہوں
،پھر جو کبھی آپ کا موبائل کھنگالا
شک کیا۔
،نظر انداز کر دو
ہاتھ جوڑتا ہوں
جو پھر پیار سے بھی ہاتھ اٹھایا۔
،معاف کر دیں
آپ کی قسم
پھر فضول خرچیاں نہیں کروں گی۔
،ابھی چھوڑ دو
کچھ عرصے بعد
خود نوکری کے لئے درخواست دلواوں گا۔
،جو کمیٹی نکلی ہے
ابھی دے دو
ماں قسم! کچھ دنوں میں لوٹا دوں گا۔
،یونہی راہ چلتے گھر آگئی
وعدہ
پھر رابطہ نہیں رکھوں گی۔
،گھر بن رہا ہے
زیور بیچ دو
جونہی حالات بہتر ہوئے، بنوا دوں گا۔
ہائے۔۔۔
،یہ وعدے
ہائے۔۔۔
،یہ قسمیں
ہائے۔۔۔
،یہ پیمان
ہائے۔۔۔
،یہ قول و قرار
ہائے۔۔۔
یہ خوش فہمیوں کے جال۔