مورخ جب تاریخ لکھے گا۔۔۔
ڈاکٹر خدیجہ وکیل
27/11/2025
مورخ جب تاریخ لکھے گا۔۔۔
تو کالے الفاظ، سفید صفحات پر
،جب مسلم نسل کشی کے ظلم بولیں گے
ساتھ بھوک، استحصال، ننگ انسانیت
کی حقیقتیں رقم ہوں گی۔
فاقہ، جبر، حیوانیت
،کے قصے درج ہوں گے
تب
دو طرح کے لوگوں کا تذکرہ ہوگا۔
:ایک وہ
جو صاحب ثروت و دولت تھے
حکمران و مالک تھے
زر و جواہر کے ڈھیر موجود تھے
گنتی میں سینکڑوں تھے
لیکن
ظالم سے ہاتھ ملائے کھڑے تھے۔
آنکھ، کان بند کئے
عیش و عشرت میں مگن تھے۔
اہل ایمان کی بے بسی بھلائے
طرب و موسیقی میں مشغول تھے۔
:اور دوسرے وہ جو
سوشل میڈیاز پر ہمدرد بنے
روز کی مستیوں میں مصروف تھے۔
عوام تھے اور بادشاہوں پر
تنقید و تضحیک کر کے اپنا ایمانی فرض ادا کرتے تھے۔
اہل مال کی فضول خرچیوں پر
طعن و تشنیع کر کے خود
قرض کے چہلم، برسیاں
اور شادیاں کرنے میں حق بجانب تھے۔
لمحہ لمحہ صاحب استطاعت کا
مواخذہ کرنے والے
خود شتر بے مہار بنے تھے۔
:مگر
تاریخ کے ورق
انسانوں کی جان
اذیت کے بازار
بمبوں کی تماش گاہ
افلاس کے عقوبت خانے
سب کو بھولے رہیں گے۔۔۔