موسم جیسی عورتیں
ڈاکٹر خدیجہ وکیل
01/10/2026
مجھے بستی نظام آباد کی فاطمہ یاد آتی ہے
جب
سورج سوا نیزے پر تپش دیتا ہے۔
ترسوں آسمان کی چھت موسلا دھار بارش سے پھٹی
تو
لندن میں ملی ایلن یاد آنے لگی۔
ہر سال بہار کے پھول کھلتے ہیں
تو
بس کی ہم سفر نین تارا آکے پاس بیٹھ جاتی ہے۔
ماسی بلقیس کا ساتھ تو
خزاں کے
زرد، پیلے، بھورے، نارنجی رنگوں کی آمد سے اٹوٹ ہے۔
آج جب کن من بوندیں برسیں
تو
پیاری سارہ کا خیال ساتھ چلنے لگا۔
سرما کی شاں شاں کرتی ہوائیں
مجھے
دفتر کی اونچی کرسی پر اکڑوں بیٹھی افسر کویتا
کو بھولنے نہیں دیتیں۔
،رنگ برنگے
،دلفریب
،پر وحشت
،حسین
،ویران
،سخت
،لطیف
،اجنبی
سب موسموں میں
یہ اور ان جیسی سبھی
کم بخت عورتیں
یادوں کے دریچے پکڑ لیتی ہیں۔
،پیاری عورتیں
،بہادر عورتیں
،معصوم عورتیں
،صابر عورتیں
،چٹان عورتیں
،کم سن عورتیں
،انجان عورتیں
،بلند حوصلہ عورتیں
:جو
،ہنستے ہنستے آنکھیں بھگو لیتی ہیں
روتے روتے بلاوجہ مسکراتی ہیں
ہجوم میں اکیلی پڑ جاتی ہیں
رونقوں میں چپ سادھ لیتی ہیں
شہنائیوں میں افسردہ رہتی ہیں
غموں میں چمکتی ہیں
تنہائی میں خود کو تھپکتی ہیں
مصیبتوں میں سینہ تانتی ہیں۔
لاوے کی طرح پھٹتی
طوفان کی طرح اٹھتی
پھولوں کی طرح کھلتی
بے روح شاخوں کی طرح گرتی
لو کی طرح جھلساتی
کہر کی طرح برفاتی
عورتیں
ہائے! یہ موسم کی طرح
پیرہن بدلتی
کم بخت عورتیں
کمال عورتیں
۔۔۔
۔۔۔